پیرس: ہفت روزہ جریدے کے دفتر پر حملہ، 12 افراد ہلاک

فرانس کے صدر فرانسس اولاند نے ایک بیان میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ یہ ایک’’دہشت گرد حملہ ہے‘‘۔

پیرس کے ایک فکاہیہ جریدے ’چارلی ہیبڈو‘کے دفتر پر مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

فرانس کے صدر فرانسسوں اولاند نے ایک بیان میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ یہ ایک’’دہشت گرد حملہ ہے‘‘۔

پولیس کے مطابق اس حملے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ دفتر کے اندر ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔

ایک مقامی ٹی وی چینل نے عینی شاہد کے حوالے سے بتایا دو نقاب پوش افراد خود کار ہتھیاروں سے مسلح تھے جنہوں نے عمارت میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

کئی منٹ تک گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

فرانس بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جب کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلا لیا گیا ہے۔

اس فکاہیہ رسالے پر ماضی میں 2011ء میں بھی حملہ ہو چکا ہے، اس رسالے میں مزاحیہ انداز میں خبروں اور تبصروں کی اشاعت پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید ہوتی رہی ہے۔