دبئی میں ہونے والے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کو نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
جواباً پاکستان نے مقررہ ہدف 1ء19 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ اوپنر سرفراز احمد 76 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ نویں اوور میں 51 کے مجموعی اسکور پر گری جب اویس ضیا رن آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 20 رنز بنائے۔
کچھ ہی دیر بعد محمد حفیظ بھی صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ستانوے کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو اپنی تیسری وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑے جب حارث سہیل کلینگن کی گیند پر مک کیلم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 11 رنز اسکور کیے۔
لیکن اس دوران سرفراز احمد نے وکٹ کا ایک سرا سنبھالے رکھا اور 93 گیندوں پر 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عمر اکمل 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے پاکستانی بالروں کے ہاتھوں سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑا اور ابتدائی تین اوورز میں اس کے تین بلے باز 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور کیویز 20 اوورز کے اختتام تک سات وکٹوں کے عوض 135 رنز تک ہی پہنچ سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ لیوک رونچی نے 33 جب کہ مارٹن گپٹل نے 32 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے انور علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سہیل تنویر، رضا حسن اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے میچ میں فتح کے بعد پاکستان کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ بھی دبئی ہی میں جمعے کو کھیلا جائے گا۔