ایشیا کپ ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کے اپنے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
جمعے کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 150 رن بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے چندی مل اور تلکا رتنے دلشان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز اسکور کیے۔ دلشان 75 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ چندی مل نے 58 رنز بنائے۔
جواباً پاکستان کی بیٹنگ ماضی کے برعکس اس میچ میں خاصی ذمہ دارانہ رہی اور پاکستانی بلے بازوں نے مقررہ ہدف 2ء19 اوورز میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے 37 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔ سرفراز احمد نے 38 اور شرجیل خان نے 31 رنز بنائے۔
پاکستان اپنا تیسرا میچ بنگلہ دیش سے ہارنے کے باعث پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکا ہے جب کہ سری لنکا بھی ایونٹ کا صرف ایک میچ اور وہ بھی متحدہ عرب امارات کے خلاف جیتا ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو بھارت اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔