انٹرنیشنل ایل ایل بی پروگرام میں پاکستانی طالبہ کی پہلی پوزیشن

اقراء سلیم نے یونیورسٹی کے آن لائن فاصلاتی تعلیمی پروگرام کے تحت ایل ایل بی امتحان میں اس برس سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

رواں برس یونیورسٹی کالج لندن کے انٹرنیشنل انڈرگریجویٹ ایل ایل بی امتحان میں ایک پاکستانی طالبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والی طالبہ اقراء سلیم نے انٹرنیشنل ایل ایل بی کے امتحان میں دنیا بھر کے طالب علموں کے مقابلے میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ نمبر حاصل کئے ہیں۔

اقراء سلیم نے یونیورسٹی کے آن لائن فاصلاتی تعلیمی پروگرام کے تحت ایل ایل بی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پہلی پوزیشن حاصل کی۔

یونیورسٹی کی طرف سےانٹرنیشنل پروگرام انڈرگریجویٹ لا پروگرام کےمئی ،جون 2016 کے امتحانات کے نتائج جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق اس برس ممالک کی شرائط پر نو طالب علموں نے فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کی ہے۔

پاکستان اور ملائیشیا کے تین تین طالب علموں نے ایل ایل بی میں فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کی ہے۔

تاہم طالب علموں کے انفرادی نتائج کے لحاظ سے پاکستانی طالبہ اقراء سلیم نے سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا ۔ اقرا ءسلیم کا کہنا ہے کہ میری کامیابی میں میری استقامت ،محبت اور لگن کے ساتھ ان اساتذہ کی انتھک محنت بھی شامل ہے جنھوں نے اس سفر میں میری مدد کی ۔

یونیورسٹی کالج لاہور کی طالبہ اقراء ناصرف قانون کے مطالعے کے لیے سخت محنت کرتی ہیں بلکہ وہ کالج کے ڈراموں اور میوزک سوسائٹی کی بھی ایک فعال رکن ہیں۔

پاکستان سے فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کرنے والے دیگر دو طالب علم رباب ظارق خان اور محمد کاظم ہیں۔

اس کے علاوہ سری لنکا سے دو اور جمیکا سے ایک طالبہ نے فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کی ہے۔

رباب طارق خان نے پاکستان کالج آف لاء سے تعلیم حاصل کی ہے اور وہ پہلے سے ایک لاء فرم کے ساتھ کام کر رہی ہیں انھیں پاکستان کالج آف لاء کی طرف سے ٹیچنگ کی پیشکش کی گئی ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد کاظم دی انسٹیٹیوٹ آف لیگل اسٹیڈیز کے طالب علم ہیں ۔

وہ اس برس ایل ایل بی کے فاصلاتی تعلیمی پروگرام میں فرسٹ کلاس ڈگری حاصل کرنے والے واحد مرد طالب علم بھی ہیں۔