برنی سینڈرز کی انتخابی مہم کے پاکستانی نژاد مینیجر

فیض شاکر، امریکہ کے صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کی انتخابی مہم کے انچارج ہیں۔

امریکی ریاست ورمونٹ کے سینیٹر اور ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل سینیٹر برنی سینڈرز کو اپنی جماعت کے باقی تمام امیدواروں پر اب تک سبقت حاصل ہے۔ سینیٹر سینڈرز کی حالیہ کامیابی کے پیچھے معاونین اور منتظیمین کی ایک بڑی ٹیم کام کر رہی ہے۔ جن میں سے ایک پاکستانی نژاد فیض شاکر بھی ہیں۔

اکتالیس سالہ شاکر، کسی بھی بڑی جماعت کی صدارتی مہم کی نظامت سنبھالنے والے پہلے پاکستانی امریکی اور پہلے مسلمان کیمپین مینیجر ہیں۔ شاکر نے فروری 2019 میں برنی سینڈرز کی مہم میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے پہلے وہ کیپیٹل ہل اور غیر منافع بخش شعبے میں لبرل یعنی آزاد نظریات کے حامل مقاصد کے لئے کام کرتے رہے ہیں۔

برنی سینڈرز کی صدارتی مہم میں شمولیت سے پہلے، شاکر نے شہری آزادیوں کیلئے کام کرنے والی تنظیم، امیریکن سول لبرٹیز یونین کے نیشنل پولیٹیکل ڈائیریکٹر کے طور پر کام کیا تھا۔ انہوں نے دو سال سے کچھ اوپر عرصے کیلئے اس منصب پر کام کیا اور اس تنظیم کی پیپل پاور نامی ویب سائٹ کے اجرا میں مدد دی۔

شاکر نے سن 2013 سے لے کر سن 2017 تک اس وقت کے سینیٹ کے اکثریتی لیڈر سینیٹر ہیری ریڈ کے لئے کام کیا تھا اور کچھ عرصے تک اس وقت ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے ساتھ بھی کام کیا۔

شاکر سن 2005 سے لے کر سن 2012 تک آزاد خیال تھنک ٹینک سینٹر فار امیریکن پروگریس کے ساتھ وابستہ رہے جہاں انہوں نے تھنک پروگریس نامی نیوز بلاگ شروع کرنے میں مدد کی۔

شاکر کا تعلیمی پس منظر بھی لوگوں کے نزدیک متاثر کن ہے۔ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی جب کہ بی اے ہاررڈ یونیورسٹی سے کیا۔ شاکر کی شادی سارہ ملر سے ہوئی جو خود بھی ایک وکیل ہیں۔

شاکر نے پے ڈے رپورٹ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ شراب نوشی اور سگریٹ سے دور رہتے ہیں۔ بیس بال کے کھیل کو پسند کرتے ہیں، کیونکہ اس کھیل کی بدولت انہیں بچپن میں مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے دیگر بچوں سے میل جول کا موقع ملا، جس کی بدولت وہ ایک موثر کیمپن مینجر بن سکے۔

ان کا کہنا ہے کہ بیس بال کا کھیل ان کی سوچ کو نئی جہت دینے اور نظم و نسق سکھانے میں مدد گار ثابت ہوا ہے۔ ان کے بقول، ہم سب کو اپنا کردار سمجھنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ کیسے ہم کسی مقصد کی مجموعی کامیابی کا حصہ بن سکتے ہیں۔

شاکر کی معاونت اور رہنمائی میں، سینیٹر برنی سینڈرز کی انتخابی مہم نے صرف ماہ جنوری میں 25 ملین ڈالر اکھٹے کئے۔ سینیٹر برنی سینڈرز ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے اس وقت حتمی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں سبقت لیے ہوئے ہیں۔