پہلے ٹیسٹ کا پہلا دن:ویسٹ انڈیز 7وکٹوں پر244 رنز

فائل فوٹو

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین، یاسر شاہ نے دوجبکہ وہاب ریاض اور محمد عباس نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر244رنز بنالئے، چیس اور ڈوروچ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو تباہی سے بچالیا۔

کنگسٹن، جمیکا سبینا پارک میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے محمد عباس نے کیریئر کی دوسری ہی بال پر بریتھ ویٹ کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔

محمد عامر نے یکے بعد دیگرے کائرین پاول، شمرون ہیٹمائراور شائی ہوٹ کو آؤٹ کرکے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا تو وہاب ریاض نے وشال سنگھ کو9رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

یوں صرف 71رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ باقی وکٹیں بھی جلد ہی پاکستانی بولرز کی جھولی میں آگریں گی لیکن ایسا نہ ہوا۔

روسٹن چیس اور شین ڈوروچ نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روک دیا اور سرتوڑ کوشش کے باوجود پاکستانی بولرز اس جوڑی کو توڑنے میں ناکام رہے اور دونوں بیٹسمینوں نے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

روسٹن چیس اور شین ڈوروچ نے مشکل صورتحال میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 118رنز بنائے جس میں چیس کے 63اور ڈوروچ کے 56رنز شامل ہیں۔

دونوں بلے بازوں کو یاسر شاہ نے لگاتار دو گیندوں پرآؤٹ کیا۔

جب پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 7وکٹیں گنواکر 244رنز بنالئے تھے، کپتان جیسن ہولڈر30اوردیوندرا بشو 23رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین، یاسر شاہ نے دوجبکہ وہاب ریاض اور محمد عباس نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔