پاکستان 1992 کے ورلڈ کپ کی طرح اس بار بھی اپنی مہم کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گا۔ لیکن شاید اس میچ کا نتیجہ کوئی یاد کرنا نہ چاہے۔ رمیز راجا کے سنچری بنانے اور برائن لارا کے زخمی ہونے کے باوجود پاکستان کو اس میچ میں دس وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک 133 ون ڈے انٹرنیشنل ہو چکے ہیں۔ پاکستان 60 اور ویسٹ انڈیز 70 میچ جیتا ہے۔ تین میچ ٹائی ہو گئے تھے۔
لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان آخری 10 میچوں میں پاکستان کو صرف دو بار شکست ہوئی ہے۔
انگلینڈ میں دونوں ٹیمیں چھ بار سامنا کر چکی ہیں جن میں پاکستان کو صرف ایک بار فتح ملی ہے۔ ورلڈ کپ میں 10 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں پاکستان تین جیتا ہے۔ سرفراز احمد ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں میں قیادت کر چکے ہیں جن میں سے دو انھوں نے جیتے ہیں۔
مجموعی طور پر پاکستان 917 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکا ہے جن میں اسے 479 میں فتح اور 410 میں شکست ہوئی ہے۔ 8 میچ ٹائی ہوئے جب کہ 20 نامکمل رہے۔
پاکستانی ٹیم انگلینڈ کی سرزمین پر 82 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہے جن میں اسے 33 میں فتح اور47 میں شکست ہوئی ہے۔ دو میچ نامکمل رہے تھے۔
ناٹنگھم میں یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ہو گا۔ پاکستان اس شہر میں 13 ون ڈے کھیل چکا ہے جن میں سے 7 میں اسے جیت ملی اور 6 میں ہارا۔ یہاں 2001 کے بعد پاکستان کوئی میچ نہیں جیت سکا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان 71 میچ کھیل چکا ہے جن میں اسے 40 میں کامیابی اور 29 میں ناکامی ہوئی۔ دو مقابلے مکمل نہیں ہو سکے۔
سرفراز احمد اب تک 40 میچوں میں کپتانی کر چکے ہیں جن میں 21 میچ انھوں نے جیتے ہیں اور 17 ہارے ہیں۔ دو میچ مکمل نہیں ہوئے۔
جمعہ کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق میچ ڈھائی بجے شروع ہو گا۔