پہلا ٹیسٹ: سری لنکا کی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بدھ کو سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی

پاکستانی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جو بطور کپتان ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کر رہی ہے۔

سری لنکا نے پہلے روز کھانے کے وقفے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جو بطور کپتان ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

سرفراز نے بدھ کو ابو ظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم بہت متوازن ہے لیکن ان کے بقول یاسر شاہ پاکستان کے اہم بالر ہیں جن پر سب سے زیادہ انحصار ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز ایک چیلنج ہے اور تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کافی پرجوش ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلیاں کردی ہیں۔ اظہر علی نمبر تین اور اسد شفیق سیریز میں نمبر چار پر بیٹنگ کریں گے۔حارث سہیل اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

قومی ٹیم میں تین فاسٹ بالرز - محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی اور ایک اسپنر یاسر شاہ شامل ہیں۔

اینجلو میتھیوز کے ان فٹ ہوجانے کے باعث سری لنکن ٹیم کی قیادت دنیش چندی مل کریں گے۔ سری لنکن ٹیم کے اسپنر رنگنا ہیراتھ قومی ٹیم مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اس سے قبل نو ٹیسٹ میچوں میں سے پانچ اپنے نام کر چکا ہے۔

پہلے میچ کے لیے فیلڈ ایمپائر نیگل للونگ اور رچرڈ کیٹل ہوں گے جب کہ ٹی وی ایمپائر کی ذمہ داریاں کیٹل بوروگ ادا کریں گے۔ ریزور ایمپائر کے فرائض احسن رضا اور میچ ریفری اینڈریو پائی کرافٹ ہونگے۔