پاکستان جنوبی افریقہ سے پہلا ٹی20 بھی ہار گیا

فائل

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا تھا جسے جنوبی افریقہ نے پندرہویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو بآسانی نو وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 99 رنز کا ہدف دیا تھا جسے جنوبی افریقہ نے پندرہویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی ہاشم آملہ تھے جو 13 رنز بنا کر تیسرے اوور میں سہیل تنویر کی گیند پر آؤ ٹ ہوئے۔

ان کے بعد کوئنٹن کوک اور ڈوپلیسس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں بآسانی 99 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ کوک نے 48 اور ڈو پلیسس نے 37 رنز بنائے۔

بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر جنوبی افریقی بالروں کے سامنے خزاں رسیدہ پتوں کی طرح لرزتی رہی اور تنہا عمر اکمل کی بیٹنگ کے طفیل قومی ٹیم حریف کو ایک مناسب ہدف دینے کے قابل ہوسکی۔

عمر اکمل نے تنہا 49 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ باقی پوری ٹیم کے مجموعی اسکور سے بھی زیادہ ہے۔ شعیب ملک نے 12 رنز اسکور کیے جب کہ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق 10، 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے تین کھلاڑی – ٹی20 کپتان محمد حفیظ، اوپنر احمد شہزاد اور سہیل تنویر - صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ پہلے اوور میں شروع ہوا جو اننگز کی آخری گیند پر سعید اجمل کے آؤٹ ہونے تک جاری رہا۔ ڈیل اسٹین نے 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ سوٹسوب اور عمران طاہر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل امید کی جارہی تھی کہ ٹیسٹ سیریز ڈرا ہونے اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 'ٹف ٹائم' دے پائے گی۔

دو ٹی20 میچز کی اس سیریز کا دوسرا میچ بھی جمعے کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔