دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 17 رنز سے ہرادیا

پاکستان کی بیٹنگ لائن کیوی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 5ء18 اوورز میں 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

دبئی میں ہونے والے آخری ٹوئنٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔

جواباً پاکستان کی بیٹنگ لائن کیوی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 5ء18 اوورز میں 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے سب سے زیادہ 33 رنز اسکور کیے جب کہ شاہد آفریدی نے 28 رنز بنائے۔

پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ پہلے ہی اوور سے شروع ہوگیا تھا جو پورے میچ کے دوران وقفے وقفے سے جاری رہا۔

جمعرات کو ہونے والے پہلے ٹی20 میچ کے برعکس پاکستان کے ابتدائی بلے باز ٹیم کو رنز کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں ناکام نظر آئے اور انہیں کیویز کے سامنے کریز پر ٹہرنے میں واضح مشکلات درپیش رہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل ملز اور جیمز نیشام نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اینٹن ڈیوچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے اوپنرز نے اعتماد کے ساتھ پاکستانی بالرز کا سامنا کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ولیم سن 32 اور لیوک رونچی 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ میں نیوزی لینڈ کی فتح کے بعد دو میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔اس سے قبل جمعرات کو کھیلا جانے والا سیریز کاپہلا میچ پاکستان نے سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔