پاکستانی عہدے داروں نے کہاہے کہ ملک کے شمال مغربی قبائلی علاقے میں ایک احاطے پرایک امریکی ڈرون حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
جمعرات کے روز یہ ڈرون حملہ افغان سرحد کے ساتھ واقع شمالی وزیرستان کےعلاقے رزمک میں ہوا جسے طالبان اور القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں کا ایک اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ حملے میں کم ازکم دوافراد زخمی بھی ہوئے۔
گذشتہ کئی دنوں کے دوران یہ ایسا تیسرا حملہ ہے۔ بدھ کے روز پاکستانی عہدے داروں نے کہاتھا کہ جنوبی وزیر ستان پر ایک ڈرون حملے میں کم ازکم 16 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
ایک اور ایسا ہی حملہ منگل کے روز شمالی وزیر ستان میں ہوا تھا جس میں سات عسکریت پسندمارے گئے تھے۔
ایک اور خبر کے مطابق پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی میں ایک کارروائی کے دوران کم ازکم 22 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔
آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق ممکن نہیں ہے کہ اس علاقے میں صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔