تجارت کو سہل بنانے کے لیے ’یو ایس ایڈ‘ کا پاکستان سے تعاون

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بعض معاملات پر دوریوں اور تناؤ کے باوجود نا صرف دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بلکہ تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ’یوایس ایڈ‘ اور حکومت پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اشتراک سےتجارت کو آسان بنانے کے منصوبے کے تحت نیشنل سنگل وِنڈو (این ایس ڈبلیو) فار ٹریڈ کے قیام کے لیے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

سفارت خانے سے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ این ایس ڈبلیو کے قیام سے تجارت اور اشیاء کی نقل و حمل میں شامل فریقین کو درآمدات، برآمدات اور راہداری سے متعلق معلومات اور دستاویزات کو یکساں بنانے اور ساری کاغذی کارروائیوں کو ایک ہی جگہ پر پورا کرنے کی سہولت میسر ہو گی۔

تجارتی قوانین نافذ کرنے والے اہم اداروں کے ایک سو سے زیادہ سرکاری حکام پاکستان کی تجارت میں نیشنل سنگل وِنڈو کے قیام کے حوالے سے حائل دشواریوں کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے اس کانفرنس میں شرکت کی۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سرکاری تجارتی شعبہ میں اصلاحات کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اہم ترین شروعات میں سے ایک ہے۔

آُن کا کہنا تھا کہ کاروبار سے وابستہ خود کار اور کاغذی لوازمات سے آزاد طور طریقے کے نفاذ سے پاکستان میں تجارت کرنے کا وقت اور لاگت کم ہو جائے گی۔

’’اس کے ساتھ ساتھ اس پیش رفت سے ملک میں تجارت کو باقاعدہ بنانے والے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور افادیت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔‘‘

دنیا بھر میں افسر شاہی یا معاملات کو حل کرنے کے روایتی طریقہ کار کاروباری طبقے پر بوجھ ڈال کر برآمدات کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتے ہیں۔

سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ نیشنل سنگل وِنڈو کے ذریعہ کاروباری اداروں کو اپنی عملی صلاحیت بڑھانے کا موقع ملے گا اور غیر ضروری سرکاری رکاوٹیں کم ہونے سے سرحد پار کاروبار میں تیزی آئے گی۔

یو ایس ایڈ کی قائم مقام مشن ڈائریکٹر ہیلنپٹاکی نے کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعتوں کی کاروباری مسابقت کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔

پاکستان میں نیشنل سنگل وِنڈو نظام مرحلہ وار چار سال میں مکمل ہو گا۔ نیشنل سنگل وِنڈو نجی شعبے میں سرمایہ کاری، متحرک زرعی شعبے کے فروغ، مستحکم تجارت کے لیے سازگار فضا اور کاروباری مواقع میں وسعت کے ذریعہ پاکستان کی معاشی ترقی میں یوایس ایڈ کی پائیدار کوششوں کا محض ایک جزو ہے۔

امریکی تعاون سے جاری اس منصوبے کا مقصد سرکاری و نجی مذاکرات کا یہ فورم نجی اور سرکاری شعبوں میں ادارہ سازی اور انسانی وسائل کو بہتر بنا کر پاکستان کے تجارتی ماحول کو سازگار بنانا ہے۔

یو ایس ایڈ کا ٹریننگ فار پاکستان پروگرام تعلیم، توانائی، اقتصادی ترقی و زراعت، صحت عامہ، استحکام اور نظم و نسق کے شعبوں میں تربیت کا ایک کثیر سالہ منصوبہ ہے، جو حکومتِ پاکستان کے ترقیاتی اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔