پشاور: گرفتاری کے بعد امریکی شہری قونصلیٹ کے حوالے

پشاور: گرفتاری کے بعد امریکی شہری قونصلیٹ کے حوالے

پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختون خواہ میں ایئرپورٹ حکام نے منگل کو امریکی سفارت خانے کے ایک کارکن کو اُس کے سامان سے پستول کی گولیاں برآمد ہونے پر حراست میں لے لیا تاہم چند گھنٹوں بعد اسے امریکی قونصل خانے کے حوالے کردیا گیا۔

امریکی شہری پشاور سے بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

ایک امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ مذکورہ کارکن کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سفارت خانہ اس واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے۔

گزشتہ سال صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں دو پاکستانیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں امریکی شہریوں کی موجودگی پر کڑی نظر جا رہی ہے۔

پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات گزشتہ ایک سال سے مختلف واقعات کی وجہ سے شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔