صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال کے نزدیک دہشت گردوں کی فائرنگ سے حساس ادارے کے دو اہل کار ہلاک ہو گئے۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب شہزاد سلطان کے مطابق ہلاک ہونے والے افسران کا تعلق محکمہ برائے انسدادِ دہشتگری پنجاب (کاونٹر ٹریرازم ڈیپارٹمنٹ) سے ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حساس ادارے سی ٹی ڈی کے دونوں افسران خانیوال کے ایک ہوٹل میں موجود تھے۔ جہاں ایک شخص اُن سے ملنے کے لیے آیا اور فائرنگ کر دی۔ ہلاک ہونے والے افسران کی شناخت نوید صادق اور ناصر بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس افسر خانیوال اور دیگر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فائرنگ کرنے والا حملہ آور شخص فرار ہو گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی شہزاد سلطان کے مطابق دونوں افسران ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے۔ اِسی دوران اُن پر فائرنگ کر دی گئی۔ جس سے دونوں افسران موقع پر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے افسران میں ڈائریکٹر سی ٹی ڈی اور انسپکٹر سی ٹی ڈی شامل ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس اقدامات کر رہی ہے۔ واقعہ کی تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
SEE ALSO: قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ: ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزموائس آف امریکہ نے اِس سلسلے میں خانیوال کے سی ٹی ڈی محکمہ کے افسران سے رابطہ کیا لیکن اُنہوں نے اِس بارے میں کوئی بھی بات کرنے سے انکار کر دیا۔ تا ہم مقامی ذرائع واقعہ کو ٹارکلنگ سے منسوب کر رہے ہیں۔
معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے افسر نوید صادق کو اُن کی بہتر خدمات کے عوض حکومتِ پاکستان کی جانب سے سنہ 2021میں ستارہ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خانیوال کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افسروں کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے۔ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایاجائے۔