پاکستان: ٹرک دریائے سوات میں گرگیا، 16 ہلاک

مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ بعض افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی ہے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
پاکستان کے شمال مغرب میں ایک ٹرک دریا میں گرنے سے کم ازکم 16 افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق مینگورہ سے کالام منتقل ہونے والے ایک خاندان کو لے کر جانے والا ٹرک منگل کو طلوع آفتاب سے قبل پشمال کے علاقے میں دریائے سوات میں گر گیا۔

مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ بعض افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی ہے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

پولیس اور مقامی لوگوں نے جائے وقوع سے لاشوں اور زخمیوں کو کالام کے ایک اسپتال منتقل کیا۔
جہاں یہ حادثہ پیش آیا اس کا شمار پاکستان کے قدرتی حسن سے مالامال علاقوں میں ہوتا ہے۔

لیکن ان پہاڑی علاقوں میں سڑکیں کم کشادہ اور اچھی حالت میں نہ ہونے کی وجہ سے اکثر یہاں حادثات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔

پاکستان میں ہر سال 16 ہزار سے زائد افراد سڑک کے حادثات میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ان حادثات کی عمومی وجوہات میں غیر محتاط ڈرائیونگ، گاڑیوں کی ناقص دیکھ بھال اور سڑکوں کی خراب حالت بتائی جاتی ہیں۔