کراچی: ایم کیو ایم کی اپیل پر ہڑتال چند گھنٹوں بعد ختم

فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی سمیت سندھ بھر کے تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی تھی کہ وہ یوم سوگ میں شریک ہوں اور اپنا کاروبار بند رکھیں۔
پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں ہفتہ کی صبح ہونے والی ہڑتال دوپہر کو ختم کر دی گئی جس کے بعد کاروباری مراکز اور بازار کھل گئے اور سڑکوں پر ٹریفک بحال ہونا شروع ہو گئی۔

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل کے واقعات کے خلاف صوبائی دارالحکومت سمیت سندھ بھر میں ہفتہ کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم دوپہر کو ایم کیو ایم نے سوگ اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کے عوام اور تاجر برادری کی جانب سے یوم سوگ میں بھر شرکت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں کراچی میں نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہے اور ہڑتال کے باعث امتحانات بھی منسوخ کر دیئے گئے۔

ایم کیو ایم کے ایک رہنماء حیدر عباس رضوی نے جمعہ کی شام اپنی جماعت کے مرکز ’نائن زیرو‘ پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن میں اُن کی جماعت کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کراچی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی کاروباری مراکز ہفتہ کی صبح بند رہے۔

ادھر صوبہ سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ایک ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے ایک پیغام میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے استدعا کی تھی یوم سوگ کے موقع پر ہڑتال کے اعلان کو منسوخ کیا جائے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہڑتال کے باعث صوبے میں ’سندھ فیسٹیول‘ کی تقاریب متاثر ہوں گی۔