جنوبی کوریا پاکستان میں سرمایہ کاری کرے: صدر زرداری

صدر آصف علی زرداری (فائل فوٹو)

پاکستانی صدر نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ان تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس کی بدولت اس نے مختصر عرصے میں شاندار ترقی کی ہے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان کا ملک خطے میں اہم محل وقوع رکھنے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے اور جنوبی کوریا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیئے۔

صدر زرداری نے ان خیالات کا اظہار منگل کو سیول میں اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب لی میویانگ باک کی طرف سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے ان تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس کی بدولت اس نے مختصر عرصے میں شاندار ترقی کی ہے۔

اس موقع پر صدر زرداری نے افغانستان میں جاری لڑائی کے باعث پاکستان کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ان کا ملک پرعزم ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی صدر کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اس سے قبل دونوں ملکوں نے ملاقات کے دوران مخلتف شعبوں خصوصاً تجارت اور معیشت میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں ملکوں نے اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔