پاکستان میں حکام نے لاہور میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہفتہ کو پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی جس میں ایک مشتبہ دہشت گرد مارا گیا۔
بیان کے مطابق کارروائی میں دو افسروں سمیت چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جب کہ دہشت گردوں کے اس مشتبہ ٹھکانے سے ایک خاتون کو حراست میں لیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے یہاں سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور عسکریت پسندوں سے متعلق تحریری مواد قبضے میں لینے کا بھی بتایا۔
یہ کارروائی ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب ایک روز بعد ہی ملک میں آباد مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار منانے جا رہی ہے۔
گزشتہ سال ایسٹر کے موقع پر لاہور ہی میں گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش بم حملے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستانی فوج نے رواں سال فروری میں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف ملک بھر میں "ردالفساد" نامی آپریشن کا آغاز کیا تھا جس میں اب تک درجنوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک اور سیکڑوں کو گرفتار کرنے کا بتایا جا چکا ہے۔