پاکستان کی طرف سے بھارت کے اس دعویٰ کی تردید کی گئی ہے، جس میں کہا گیا بھارتی فوج نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی ایک چوکی تباہ کی ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمان میجر جنرل اشوک نرولا نے منگل کو یہ دعویٰ کیا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر نوشیرا سیکٹر میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے نیوز کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو بھی دکھائی جو مبینہ طور پر اس کارروائی سے متعلق تھی۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ کارروائی حال ہی میں کی گئی لیکن تاریخ اور دن نہیں بتایا گیا۔
بھارت کے اس دعوے کے بعد پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک بیان میں بھارتی موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ نوشیرا سیکٹر میں پاکستانی فوجی چوکی تباہ کرنے اور پاکستان کی طرف لائن آف کنٹرول کے پار شہریوں پر فائرنگ کرنے کا بھارتی دعویٰ ’’جھوٹ‘‘ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی بھارت کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ’’سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کی۔
لیکن پاکستان کی طرف سے اُس وقت بھی بھارت کے ’’سرجیکل سٹرائیکس‘‘ کے دعوے کو مسترد کیا گیا تھا۔
بھارت کی طرف سے پاکستانی فوج کی چوکی کو تباہ کرنے کے دعوے کے بعد خدشہ ہے کہ دونوں ملکوں کے پہلے سے تناؤ کے شکار تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ستمبر 2016 میں بھارتی کشمیر میں ایک فوجی ہیڈکوارٹر پر مشتبہ دہشت گرد حملوں کے بعد ہوا۔ اس حملے میں کم از کم 18 بھارتی فوجی مارے گئے تھے اور بھارتی قیادت نے الزام عائد کیا تھا کہ حملہ آوروں کا تعلق پاکستان میں موجود ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم سے تھا۔