رمضان کا آخری عشرہ شروع، لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے

اعتکاف

اعتکاف سے مراد دنیاوی معاملات کو عارضی طور پر چھوڑتے ہوئے تنہائی میں خالصتاً اللہ کی عبادت کرنا ہے۔ عام طور پر اعتکاف رمضان مبارک کے آخری دس دنوں کے دوران کیا جاتا ہے
مسلمانوں کے لئے مقدس مہینے رمضان کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوچکا ہے ۔ جس کے ساتھ ہی ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔

اعتکاف سے مراد دنیاوی معاملات کو عارضی طور پر چھوڑتے ہوئے تنہائی میں خالصتاً اللہ کی عبادت کرنا ہے۔اعتکاف دس دن کا ہوتا ہے جس کا آغاز 20 ویں اور21 ویں روزے کی درمیانی شب سے ہوتا ہے جبکہ عید کا چاند نظر آنے کے بعد اعتکاف ختم ہوجاتا ہے۔

ملک بھر کی طرح کراچی کی بھی تمام مساجد میں لوگ اعتکاف میں بیٹھیں ہیں۔ اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں کیا جاتا ہے ۔ یہاں ہر سال سینکڑوں افراد اعتکاف میں بیٹھتے ہیں۔

اس بار بھی یہاں اعتکاف کرنے والوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ سیکیورٹی کی غرض سے اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند افراد سے پہلے ہی ان کی تفصیلی کوائف حاصل کرلئے گئے تھے۔

چونکہ فیضان مدینہ بہت بڑا دینی مرکز بھی ہے لہذا یہاں اعتکاف کے خواہشمند افراد کی تعداد ہزاروں تک پہنچ جاتی ہے تاہم بڑی تعداد میں لوگوں کے لئے سحری سے لیکر افطار اور افطار سے لیکر رات کے کھاتے تک کے تمام انتظامات اورمحدود جگہ کو مدنظر رکھتے ہوئے باقاعدہ کمپیوٹر قرعہ اندازی کے ذریعے اعتکاف کے خواہش مند افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

کراچی کی طرح ہی لاہور میں بھی اعتکاف میں بیٹھنے والوں کی تعدا د لاکھوں میں ہے۔ بادشاہی مسجداورجامع مسجدالقادسیہ سمیت شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔ صرف جامع مسجدالقادسیہ چوبرجی میں تقریباً تین ہزارافراد اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔

مسجدالقادسیہ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں مردوں کی طرح خواتین بھی بڑی تعداد میں اعتکاف میں شریک ہوتی ہے جن کیلئے الگ سے انتظامات کئے جاتے ہیں۔