حافظ سعید کے خلاف امریکی اعلان کی مذمت

  • روشن مغل

امریکہ کی طرف سے جماٰعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف شواہد کی فراہمی پر انعام کے اعلان کے خلاف کالعدم عسکری تنظیموں نے جمعہ کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے صدر مقام مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس احتجاجی مظاہرے کا اہتمام جماعت الدعوة کی پاکستانی کشمیر میں شاخ کے عہدیداروں نے کیا تھا، جس میں سرگرم کالعدم تنظیموں کے 500 سے زائد کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حافظ سعید کے حق میں اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوة کے مقامی امیر عبدالعزیز علوی نے کہا کہ امریکہ نے مذہبی اور دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں اور شخصیات کے اتحاد سے خائف ہو کر حافظ سعید کے خلاف یہ اقدام کیا ہے۔

مظفر آباد کے علاوہ پاکستانی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں بھی ایسے مظاہرے منعقد کیے گئے لیکن ان میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت نہیں کی۔