'دھوپ کنارے' اور 'تنہائیاں' ڈرامہ سیریلز سعودی عرب میں دکھائی جائیں گی

دھوپ کنارے کے مرکزی کردار مرینہ خان اور راحت کاظمی نے نبھائے تھے۔

'دھوپ کنارے' پاکستان کی وہ پہلی مقبول ترین ڈرامہ سیریل ہے جسے سعودی عرب کے ٹی وی چینلز پر جون میں عربی زبان کے سب ٹائٹلز کے ساتھ ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

'دھوپ کنارے' کے بعد شہزاد خلیل کی پروڈیوس کردہ ڈرامہ سیریل 'تنہائیاں' بھی سعودی عرب بھیجی جائے گی۔

پاکستان ٹیلی وژن کی ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات شازیہ سکندر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں دونوں ڈرامے سعودی عرب میں نشر کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈراموں کے ترجمے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ ہفتے سعودی وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

اس ملاقات میں دونوں وزراء کے درمیان فلم اور ڈرامہ پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ساتھ ہی پاکستانی فلموں کو سعودی عرب کی سرکاری فضائی کمپنی سعودی ایئرلائنز میں دورانِ پرواز دکھائے جانے پر بھی بات ہوئی تھی۔

ملاقات میں جہاں اور معاملات طے پائے تھے، وہیں یہ فیصلہ بھی ہوا تھا کہ 'پی ٹی وی' اپنے مقبول ڈرامے عربی میں ڈبنگ یا سب ٹائٹلنگ کے ساتھ سعودی چینلز کو دے گا۔

پی ٹی وی حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں نشر کرنے کے لیے 1980ء کی دہائی کی معروف ڈرامہ سیریلز 'دھوپ کنارے' اور 'تنہائیاں' کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔

'دھوپ کنارے' پاکستان ٹیلی ویژن سے سن 1987 میں نشر ہوا تھا اور اس کی نمایاں کاسٹ میں راحت کاظمی، مرینہ خان، کہکشاں اعوان، بدر خلیل، قاضی واجد، ساجد حسن، حمید وائیں، عذرا شیروانی اور ارشد محمود شامل تھے۔

اسے حسینہ معین نے لکھا تھا جب کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ساحرہ کاظمی تھیں۔

'تنہائیاں' کا شمار بھی 'پی ٹی وی' کے کلاسک ڈراموں میں ہوتا ہے۔ سن 1985 میں نشر ہونے والے اس ڈرامے کی کاسٹ میں آصف رضا میر، شہناز شیخ، مرینہ خان، بہروز سبزواری، قاضی واجد، عذرا شیروانی، یاسمین اسماعیل اور جمشید انصاری شامل تھے۔

ان ڈراموں کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ ان کی ٹیلی کاسٹ ہونے کے وقت یعنی رات آٹھ بجے سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا تھا اور جو لوگ گھر پر نہیں ہوتے تھے وہ دکانوں، مارکیٹس اور ہوٹلوں میں جا کر یہ ڈرامے دیکھا کرتے تھے۔