مسائل کے حل کے لیے تمام جماعتیں مل کر کام کریں

وزیراعظم گیلانی

حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پنجاب حکومت سے پیپلزپارٹی کو علیحدہ کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس امر کا اعاد ہ کیا ہے کہ اُن کی جماعت مفاہمت کی سیاست کی اپنی پالیسی پر کار بند رہے گی۔

ہفتے کے روز لاہور کے قریب مرید کے میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کر تے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے ملک کو سیاسی اور معاشی استحکا م کی ضرورت ہے۔ ” ہم چاہیں گے کہ ملک کی بہتر ی کے لیے تما م سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں ، میں آج اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ایک جماعت اکیلی مسائل سے(ملک کو) نہیں نکال سکتی“۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پیش کیے گئے 10 نکات پرپیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان سنجیدہ مذاکرات ہوئے جو 200 گھنٹوں پر محیط تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ اپنے اقتصادی ایجنڈے پروہ مسلم لیگ (ن ) کو ساتھ لے کر چلیں۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن )کے ترجما ن سینیٹر پرویز رشیدنے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اُنھیں توقع تھی ایک روزقبل اُن کی جماعت کے قائد کے اعلان کے بعد پنجاب کابینہ میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزراء مستعفی ہو جائیں گے لیکن اُن کے بقول ایسا نہ ہونے کے بعد اب مسلم لیگ(ن) جلد قانونی طریقے سے پیپلزپارٹی کے وزراء کو صوبائی کابینہ سے الگ کر دے گی۔