وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سیلاب زدگان کی امداد کی نگرانی اور عطیات کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے کیے لیے ایک خصوصی کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔
وزیر اعظم گیلانی نے نیشنل اوورسائٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کونسل ”این او ڈی ایم سی“ کی تشکیل کا اعلان دارالحکومت اسلام آباد میں جمعرات کے روز آفات سے نمٹنے کے لیے قومی ادارے ”این ڈی ایم اے‘ ‘کے اجلاس میں کیاجس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کونسل کے ارکان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ایماندار اور مضبوط ساکھ کی حامل ممتاز شخصیات شامل ہوں گی جو اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ملنے والی رقوم کا استعمال ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بغیر کسی تفریق کے کیا جائے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ اس کونسل کا قیام فوری طور پر لایا جائے گا جب کہ اس کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دیگر فریقین کی مشاورت سے اس کونسل کے لیے قواعد و ضوابط تشکیل دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے وفاقی حکومت نے حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سفارش پر ایک کمیشن بنانے پر اتفاق کیا تھا تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ کوششیں سیاست دانوں کے مبینہ طور پر بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پائی جانے والی بد اعتمادی کو دور کرنے کی کوششوں کی کڑی ہے۔ خود اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اعتماد کے فقدان کے باعث مختلف ممالک عطیہ دینے سے ہچکچارہے ہیں۔