|
ویب ڈیسک — پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جمعے سے ملتان میں شروع ہو رہی ہے۔ میزبان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھانے کے لیے اسپنرز پر توجہ مرکوز کر لی ہے۔
دونوں ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے بھرپور پریکٹس کر رہی ہیں۔ پاکستانی اسکواڈ میں شامل اسپنر ساجد خان اور نعمان علی کی جوڑی بھی ایک ساتھ ایکشن میں دکھائی دے گی۔
دونوں اسپنرز نے گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچز جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ساجد اور نعمان نے مجموعی طور پر 39 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کی بدولت پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔
انیس برس بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم جب ملتان اسٹیڈیم میں بیٹنگ کے لیے آئے گی تو مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو پریشان کرنے کے لیے ساجد خان اور نعمان علی کی جوڑی موجود ہو گی۔
ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اسے ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان کی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
SEE ALSO: چیمپئنز ٹرافی: ڈیڈ لائن کے باوجود پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا اعلان نہ ہو سکاجمعے سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے ملتان اسٹیڈیم کی پچ کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے۔ پچ کو پلاسٹک پیپر سے کور کر دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پچ اسپنرز کے لیے مددگار ہوگی۔
پاکستان کے اسکواڈ میں ساجد خان اور نعمان علی کے علاوہ مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی موجود ہیں جنہیں بر وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ملتان کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا انحصار بھی اسپن بالنگ کے شعبے پر ہو گا جس کے لیے مہمان ٹیم کے پاس گوداکیش موتی، جومیل وریکین اور کیون سنکلیئر ہیں۔
شیمر جوزیف انجری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جن کی غیر موجودگی میں کیمر روچ ویسٹ انڈیز کی فاسٹ بالنگ اٹیک کی قیادت کریں گے اور انہیں الزاری جوزیف کا ساتھ حاصل ہو گا۔
پاکستان اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر موجود ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ
پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ کپتان شان مسعود، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، کامران غلام، محمد رضوان، محمد ہریرا، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، ابرار احمد، خرم شہزاد، محمد علی، کاشف علی، روحیل نذیر پر مشتمل ہے۔
ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت کریگ بریتھ ویٹ کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں جوشوا ڈی سلوا، الیک اتھانازے، کیسی کارٹے، جسٹن گریوز، کیوم ہوگ، تیون املاچ، عامر جانگو، مکلی لیوس، کوداکیش موتی، اینڈرسن فلپ، کیمار روچ، کیون سنکلیئر، جیڈن سیلز اور جومیل واریکن شامل ہیں۔