یونان میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا 85رکنی دستہ وطن واپس پہنچا جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسپیشل ایتھلیٹس مختلف پروازوں کے ذریعے کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچے جہاں ان کے اہل خانہ ، عزیزو اقارب اور کھیلوں کے شعبے کی شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے ایتھنز اسپیشل اولمپکس میں مجموعی طور پر 57تمغے جیتے جن میں سونے کے 17،چاندی کے 27 اور کانسی کے 13تمغے شامل ہیں۔
پاکستانی ایتھلیٹ عدیل امیرنے دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا جنہوں نے سو میٹر ریس میں تین سونے کے تمغے حاصل کیے۔
ایتھنزاسپیشل اولمپکس میں 180ملکوں کے ساڑھے سات ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔