شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں کم ازکم دو ہلاک

ہلاک ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے لیکن مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ غیر ملکی عسکریت پسند تھے۔
پاکستان کے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں کم از کم دو مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

اتوار کی صبح بغیر ہوا باز کے جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائل کا ہدف دتہ خیل کے علاقے دیگان میں دو گھڑسوار شدت پسند تھے۔

ہلاک ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے لیکن مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ غیر ملکی عسکریت پسند تھے۔

امریکہ اور افغانستان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں القاعدہ اور طالبان سے منسلک شدت پسندوں کی آماجگاہیں ہیں جہاں سے وہ سرحد پار سکیورٹی فورسز پر حملوں میں منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

قبائلی علاقوں میں یہ تازہ مشتبہ امریکی ڈرون حملہ تقریباً ایک ماہ کے وقفے سے کیا گیا ہے۔