نئی ویزا پالیسی کا افتتاح، ای ویزا اور آن ارائیول ویزا کی سہولت

چترال میں کیلاش قبائل کے سالانہ تہوار کے موقع پر ایک تقریب کا منظر۔ فائل فوٹو

سیاحت اورسرمایہ کاری کے فروغ کی غرض سے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ 175 ممالک کے شہریوں کو پاکستان کے آن لائن ویزا کی سہولت دے دی گئی ہے جب کہ 50 ملکوں کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ملے گی۔

پاکستان آنے کے خواہش مند غیر ملکی اب کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے ویزے کی درخواست دے سکیں گے۔ حکومت نے ویزا فیس میں بھی کمی کر دی ہے۔

نئی ویزا پالیسی کے تحت پہلے مرحلے میں 5 ملکوں کے شہریوں کو ای ویزا یعنی الیکٹرانک ویزا جاری کیا جائے گا، جن میں برطانیہ، چین، ترکی، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جبکہ 55 ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول یعنی پاکستان آمد پر ویزا جاری کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں نئی ویزا پالیسی کے باقاعدہ اعلان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان امن کے راستے پر گامزن ہے اور انہیں توقع ہے اس کے ہمسایہ مممالک سے اچھے تعلقات ہوں گے۔

عمران خان کے بقول بھارت کے ساتھ تعلقات میں اس ملک میں جلد ہونے والے انتخابات حائل ہیں کیونکہ جب آپ نفرتیں پھیلا کر الیکشن جیتتے ہیں تو پھر کشمیر (پلوامہ) جیسے واقعات کا فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بھارت میں انتخابات کے بعد صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ آن لائن ویزا پاکستان کو دنیا کے لیے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذہبی، ساحلی، تاریخی اور ثقافتی سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات رقبے کے لحاظ سے سوئزرلینڈ سے دوگنا ہیں جو کہ دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لئے خاص کشش رکھتا ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان مشکل وقت سے گذرا جس میں ہم نے بہت سی قربانیاں دیں جس کی وجہ سے آج کا پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آئندہ کے پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہی منعقد ہوں گے۔

واضع رہے کہ امن و امان کے خدشات کے باعث 2009 کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ کے بڑے مقابلوں کے لئے پاکستان غیر ملکی مہمان ٹیموں کا اعتماد بحال نہیں کر سکا۔ 2017 میں عالمی کرکٹ کے مقابلوں کی پاکستان میں واپسی کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ اب بین الاقوامی کرکٹ کی ملک میں واپسی جلد ممکن ہو جائے گی۔

حکومت نےا س سال جنوری میں سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت غیر ملکی سیاحوں کے لیے پاکستان کے زیر انتطام کشمیر اور گلگت بلتستان میں اجازت نامے بغیر داخلے پر پابندی کا خاتمہ کا اعلان کیا گیا تھا۔

پاکستان ویزا پالیسی کے دوسرے مرحلے میں 90 ممالک کو تجارتی ویزا جبکہ 55 ملکوں کو آمد پر ویزا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سیاحوں کو پاکستان کے دورے کی ترغیب دینے کے لئے ویزا فیس میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔