نیٹو کو تیل فراہم کرنے والے آئل ٹینکر تباہ

ایک گارڈ جلتے ہوئے ٹینکر کے قریب سے گزر رہا ہے

صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں نامعلوم افراد نے افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے تیل لے جانے والے کم از کم 27 آئل ٹینکروں کو تباہ کر دیا۔

حکام کے مطابق یہ آئل ٹینکر کراچی سے براستہ بلوچستان افغانستان جارہے تھے کہ جمعہ کو علی الصبح ان پر حملہ کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 12 نقاب پوش افراد نے آئل ٹینکروں کے ڈرائیوروں کو بھگانے کے لیے پہلے فائرنگ کی اور اس کے بعد ٹینکروں کو آگ لگا دی۔

افغانستان میں تعینات نیٹو افوا ج کے لیے تیل لے جانے والے ٹینکروں کو نذر آتش کرنے کا یہ واقعہ پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں نیٹوکی طرف سے ایک تاز ہ فضائی حملے کے بعد پیش آیا جس میں تین اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں تعینات ایک امریکی ہیلی کاپٹر نے اپنے دفاع میں کارروائی کی تھی جس میں لگتا ہے کہ پاکستان میں ایک سرحدی چوکی پر تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔ اس سے قبل نیٹو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حملہ آوروں کا تعاقب کرنے کے بعد کیے گئے حملے میں ”متعدد مسلح افراد“ ہلاک کر دیے گئے تھے۔

اس تازہ خلاف ورزی کے بعد پاکستانی حکومت نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا اور افغانستان میں تعینات بین الاقوامی فوجیوں کوسامان کی ترسیل کے لیے استعمال کیے جانے والے ایک کلیدی راستے کو بند کر دیا تھا۔