ججز نظر بندی کیس: مشرف کو پیش ہونے کا حکم

پرویز مشرف (فائل فوٹو)

سابق صدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کراچی میں ہیں اور ناسازی طبع کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔
پاکستان کی ایک عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کو آئندہ سماعت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک ذیلی عدالت نے جمعہ کو ہونے والی سماعت میں پرویز مشرف کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔

سابق صدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کراچی میں ہیں اور ناسازی طبع کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے پرویز مشرف کو جمعہ کو ہونے والی سماعت سے استثنیٰ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت میں ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جائے۔

مقدمے کی سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

پرویز مشرف کے خلاف سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری سمیت اعلیٰ عدلیہ کے 60 ججز کو نظر بند کرنے کے خلاف اگست 2009ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سابق فوجی صدر تقریباً چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے گزشتہ سال مارچ میں پاکستان آئے تھے۔ انھیں پاکستان میں مختلف مقدمات کا سامنا ہے جب کہ وفاقی حکومت کی درخواست پر ان کے خلاف نومبر 2007ء میں ملک کا آئین معطل کر کے ایمرجنسی نافذ کرنے کے الزام میں آئین شکنی کا مقدمہ بھی خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

پرویز مشرف پر 31 مارچ کو خصوصی عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی جب کہ گزشتہ ماہ ہی وہ پہلی مرتبہ اسلام آباد سے کراچی گئے جہاں اطلاعات کے مطابق وہ اپنے طبی تجزیے میں مصروف ہیں۔