پاکستان، کھجور برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک

پاکستان بیرون ممالک کو سالانہ 86 ہزار ٹن کھجور برآمد کرکے زر ِمبادلہ کماتا ہے۔
پاکستان دنیا کو کھجور برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے جسکی وجہ پاکستان میں کھجور کی بہترین پیداوار ہونا ہے۔

ملکی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد جواد کا کہنا ہے کہ پاکستان کھجور برآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔

احمد جواد کا کہنا ہے کہ، ’پراسیسنگ کی جدید سہولیات اور ویلیو ایڈیشن سے کھجور کی ملکی برآمدات کو 200 ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے‘۔


پاکستان سے کھجور کی برآمد میں گزشہ سالوں کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ 1999ءسے لیکر اب تک ملک میں کھجور کی پیداوار نہیں بڑھ سکی جبکہ اس دوران عالمی سطح پر کھجور کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیرون ممالک کو 86 ہزار ٹن کھجور سالانہ بیرون ممالک کو برآمد کرکے زر ِمبادلہ کماتا ہے۔


ایک اندازے کے مطابق کھجور کی برآمد سے پاکستان کو سالانہ دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر منافع حاصل ہوتا ہے۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے جسکی معیشت کا ایک بڑا حصہ زراعت کے ذریعے ہی قومی آمدنی کا حصہ بنتا ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ اگر جدید زرعی طریقے اپنا کر پیداوار میں اضافے کی کوشش کی جائے تو پاکستان بآسانی مزید کھجوریں پیدا کر سکتا ہے جنہیں برآمد کرکے ملکی معیشت کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔