خیبرپختونخواہ: خودکش حملے میں صوبائی وزیر سمیت سات ہلاک

فائل فوٹو

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈاپور اپنے حجرے میں لوگوں سے عید مل رہے تھے کہ ایک مبینہ خودکش بمبار نے وہاں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔
پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں بدھ کی شام ایک مشتبہ خود کش بم حملے میں صوبائی وزیر سمیت کم ازکم سات افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں صوبائی وزیر قانون اسرار گنڈاپور اپنے حجرے میں لوگوں سے عید مل رہے تھے کہ ایک مبینہ خودکش بمبار نے وہاں اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اسرار گنڈا پور اور دیگر سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں میں صوبائی وزیر کے دو بھائی بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اسرار گنڈاپور کا تعلق صوبہ خیبرپختونخواہ کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔ رواں سال انتخابات میں کامیابی کے بعد متعدد بار سابق کرکٹر عمران خان کی جماعت کے قانون سازوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

تحریک انصاف شمال مغرب میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کی شدید مخالفت کرتے ہوئے عسکریت پسندوں سے مذاکرات پر زور دیتی آرہی ہے۔

صوبے میں حالیہ مہینوں کے دوران پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں کم ازکم دو سو سے زائد افراد ہلاک اور تین کے لگ بھگ زخمی ہوچکے ہیں۔