55 بھارتی ماہی گیر رہا

رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر

سندھ کے وزیر جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر ان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔
پاکستان نے بدھ کو کراچی کی ملیر جیل سے 55 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر کے لاہور روانہ کردیا ہےجہاں واہگہ سرحد پر اُنھیں بھارتی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔

ان بھارتی شہریوں کو پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

سندھ کے وزیر برائے جیل خانہ جات ایاز سومرو نے صحافیوں کو بتایا کہ قیدیوں کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ بھارت بھی اپنے ہاں قید پاکستانیوں کو رہا کردے گا۔

Your browser doesn’t support HTML5

بھارتی ماہی گیر رہا


دونوں پڑوسی ممالک کے ماہر گیر اکثر ایک دوسرے کی سمندری حدود کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوکر کئی ماہ تک جیلوں میں قید رہتے ہیں۔ ان خلاف ورزیوں کی عمومی وجہ ماہی گیروں کی کشتیوں میں سمت اور راستے کے تعین والے جدید آلات نصب نہ ہونا ہے۔

حال ہی میں پاکستان اور بھارت نے غلطی سے ایک دوسرے کی سمندری حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کیے گئے ماہی گیروں کی جلد از جلد رہائی ممکن بنانے کی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔