آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

فائل

چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ تجربہ کار اور نئے کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے جسے ورلڈ کپ 2015ء کو پیشِ نظر رکھتےہوئے منتخب کیا گیا ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کےخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہفتے کی شب جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق ٹیم میں بلے باز حارث سہیل، فاسٹ بالر عمران خان اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔

حارث سہیل نے آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں ہونے والے چار روزہ پریکٹس میچ میں 'پاکستان اے' کی طرف سے سینچری اسکور کی تھی۔ ہفتے کو ختم ہونے والا یہ میچ حیرت انگیز طور پر پاکستان 'اے' نے جیت لیا تھا۔

یاسر شاہ اس سے قبل 2011ء میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ٹیم میں اوپنر توفیق عمر کی واپسی ہوئی ہے جب کہ انجری کا شکار ہونے والے محمد حفیظ بھی صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

چیف سلیکٹر معین خان نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ تجربہ کار اور نئے کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ہے جسے ورلڈ کپ 2015ء کو پیشِ نظر رکھتےہوئے منتخب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کو 1995ء کے بعد سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہرا پایا ہے جب کہ 1994ء سے آسٹریلیا کےخلاف کوئی ٹیسٹ سیریز بھی نہیں جیت سکا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل دورے کے دوران ہونے والے واحد ٹی20 میچ اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹیسٹ اسکواڈ احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، توفیق عمر، یونس خان، شان مسعود، حارث سہیل، مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، سرفراز احمد، احسان عادل، محمد طلحہ، عمران خان، راحت علی، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر پر مشتمل ہے۔