ہاکی، پاکستان نے بھارت کو 1-3 سے شکست دے دی

ہاکی، پاکستان نے بھارت کو 1-3 سے شکست دے دی

ملائیشیا میں جاری بیسویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بدھ کے روز پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

ایپوہ میں کھیلے گئے میچ کے 20 ویں منٹ میں بھارت کے روپیندر پال سنگھ نے پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی جو کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ تاہم وقفہ کے بعد پاکستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گول کرکے بازی اپنے نام کرلی۔

کھیل کے 49ویں منٹ میں مڈ فیلڈر عمر بھٹہ نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسرا گول 55 ویں منٹ میں محمد عمران نے کیا جس کے دو منٹ بعد ہی سہیل عباس نے گول کرکے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

آج کی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے اپنے پانچ میچوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر 9 پوائنٹس کےساتھ تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

پاکستان نے ایونٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ اور دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو بالترتیب 2-4 اور 2-4 سے شکست دی تھی جبکہ ایونٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان کو برطانیہ سے 2-3 اور چوتھے میچ میں آسٹریلیا سے 1-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا اب تک ہونے والے اپنے چاروں میچوں میں فتح حاصل کرکے 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ برطانیہ 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور ان دونوں ممالک کی فائنل تک رسائی بظاہر یقینی نظر آرہی ہے۔