امریکی سفارت خانےکی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے فوجی ہیلی کاپٹروں اور C-130 طیاروں نے پانچ اگست سے اب تک پاکستان کے سیلاب متاثرین تک دس لاکھ پاونڈ سے زائد امدادی سامان پہنچایا ہے جو بیان کے مطابق ایک اہم سنگ میل ہے۔
ہفتے کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر امریکہ نے تمام متاثرہ علاقوں میں ضروری امدادی سامان اور ہنگامی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی۔
پاکستان میں امریکی محکمہ دفاع کے نمائندے وائس ایڈمرل مائیکل لی فیور کا کہنا ہے کہ ’’مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ عوام کی امداد کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز ہے اور اس دوران پاکستانی فوج نے جس جرات اور نظم کا مظاہرہ کیا وہ متاثر کن ہے‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان کی درخواست پر امریکہ نے فوری طور اپنے فوجی ہیلی کاپٹروں کی امدادی پروازیں شروع کر دیں اور اب تک چھ ہزار پانچ سوپانچ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ایڈمرل لی فیور نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ نے جس تیزی کے ساتھ اس آفت میں پاکستان کی مدد کی وہ نہ صرف امریکی فوج کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے بلکہ پاکستان کی مدد کے لیے اس کے عزم کا ثبوت بھی ہے۔
انھوںنے کہا "پاکستانی ہمارے دوست اور پارٹنر ہیں اور ہم اس چیلنج کے دوران مسلسل ان کی حمایت جاری رکھیں گے"۔