پاکستان کا پہلا ٹرانس جینڈر فلم فیسٹیول جون میں ہوگا

پاکستان میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کی زندگی، ان کے مسائل اور انہیں درپیش پریشانیوں پر بننے والی فلموں پر مشتمل ’ٹرانس جینڈر فلم فیسٹول‘ منعقد ہونے جارہا ہے۔

خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی پاکستان کی ایک غیر سرکاری تنظیم 'دی جینڈر گارڈین' کے تحت یہ فیسٹیول رواں سال جون میں ہوگا۔

تنظیم کے ایک عہدیدار آصف شہزاد نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ فیسٹیول 16جون کو لاہور کے الحمرا ہال میں ہوگا۔

آصف شہزاد کے مطابق فیسٹیول میں پاکستانی ہی نہیں بلکہ غیر ملکی فلمیں بھی شامل ہوں گی۔ فیسٹیول میں سات منٹ سے پندرہ منٹ تک کے دورانیے کی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

آصف کے بقول سات منٹ دورانیے کی بہترین فلم کو 50 ہزار اور 15 منٹ دورانیے کی بہترین فلم کو ایک لاکھ روپے انعام اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے لیے بھارت سے بھی فلمیں منگوانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے بقول فیسٹیول میں ابھی وقت ہے لہذا اینٹریز مئی تک وصول کی جائیں گی۔

فیسٹیول کے مقاصد بیان کرتے ہوئے آصف شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹرانس جینڈر یا خواجہ سراؤں کو معاشرے کا کمزور ترین طبقہ سمجھا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے ان میں بھی عام لوگوں کی طرح ٹیلنٹ موجود ہے۔

ان کے بقول "بس یہ ٹیلنٹ ذرا چھپا ہوا ہے۔ مگر شکر ہے گزشتہ کچھ سالوں سے ان کے حقوق اور مسائل پر کھل کر بات ہونے لگی ہے۔ اس کا پہلے نہ کوئی تصور تھا اورنہ ہی کوئی اہمیت۔"

آصف شہزاد

آصف شہزاد کے مطابق خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ بننا، ان کے لیے اسکول کھلنا اور ماڈلنگ و ٹی وی اینکرنگ سے لے کر سرکاری ملازمتوں کے ملنے تک بہت سے ایسے کام ہیں جو اس بات کی مثال ہیں کہ پاکستانی معاشرے میں خواجہ سراؤں سے متعلق سوچ بدل رہی ہے۔

وی او اے کے ایک سوال پر آصف شہزاد کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کا مقصد چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ ہم ایسے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنا ٹیلنٹ یا اپنی صلاحیت کا اظہار کرسکیں۔ ہم یونیورسٹی اور کالج لیول پر ایسے طلبہ سے رابطہ کر رہے ہیں جو فلم پروڈکشن میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی اس فیسٹیول سے خواجہ سراؤں کے مسائل سے بھی معاشرے کو آگاہی مل سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کا یہ بہت بڑا مسئلہ ہے کہ انہیں اپنے مسائل بیان کرنے کے لیے کوئی پلیٹ فارم ہی میسر نہیں اور فلم فیسٹیول انہیں اس کا بھرپور موقع فراہم کرے گا۔