پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے قبائلی علاقے کے نوجوانوں کے پہلے ’یوتھ فیسٹیول‘ سے خطاب میں کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان نسل کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔
’’پاکستان کی آبادی کا بہت بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور مستقبل کے پاکستان کے لیے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔‘‘
وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے پشاور میں منعقدہ اپنی نوعیت کے اس پہلے میلے کے شرکاء سے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد میں یہاں موجودگی انتہائی قابلِ ستائش ہے اور ’’امن دشمن قوتوں کی شکست ہے۔‘‘
فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے۔ اُن کے بقول ضربِ عضب کی صورت میں اس جنگ میں کامیابیوں کا سفر جاری ہے۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ فوج کو پاکستانی قوم کی تائید اور حمایت حاصل ہے۔
’’پورے ملک میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آ چکی ہے۔ ہم استحکام پاکستان کے سفر پر گامزن ہیں۔ ترقیاتی منصوبے بشمول (پاکستان چین اقتصادی راہداری) افواج پاکستان، پوری قوم اور بلخصوص فاٹا کے بہادر عوام کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘‘
اُنھوں نے قبائلی علاقے کے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ آپ کو ہر میدان میں بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ آپ اپنے علاقے اور ملک کی خوشحالی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر سکیں۔‘‘
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ اسی عزم کے تحت فاٹا میں تعلیمی اداروں بشمول کیڈٹ کالجوں کا قیام اور پاکستانی فوج کے تعلیمی اداروں میں قبائلی علاقوں کے طالب علموں کو داخلے دیئے جا رہے ہیں۔
اُنھوں نے پہلے مرحلے میں خیبر ایجنسی میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھی ایک جدید ’اسپورٹس کمپلیکس‘ قائم کیا جائے گا۔
فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے سفر نا صرف قبائلی علاقوں بلکہ ملک بھر میں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔
’’اس سفر میں کامیابی کا سارا دارومدار قوم کی مکمل حمایت اور بلخصوص نوجوان نسل کے کلیدی کردار پر منحصر ہے۔‘‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ نا صرف آپ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔‘‘
پاکستان کے قبائلی علاقے طول عرصے سے دہشت گردی کے لپیٹ میں رہے ہیں تاہم یہاں کیے جانے والے فوجی آپریشنز کے بعد اب صورت میں بہتری آئی ہے اور معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو چکے ہیں۔