کراچی: 68 لاکھ ووٹروں کی تصدیق کے لیے دو ماہ درکار

الیکشن کمیشن آف پاکستان

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فوج کی مدد حاصل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت دفاع اور کراچی کے کور ہیڈکوارٹرز کو خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فوج کی مدد سے کراچی میں ووٹر فہرستوں کی گھر گھر جا کر تصدیق کا عمل رواں ماہ سے شروع کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ تقریباً 65 دنوں میں مکمل ہو گا۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کے سیکرٹری اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ کراچی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد لگ بھگ 68 لاکھ ہے جن کی تصدیق کے لیے تقریباً 18 ہزار کی افرادی قوت درکار ہو گی۔

سپریم کورٹ نے اپنے ایک حالیہ فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ فوج اور رینجرز کی مدد سے کراچی میں گھر گھر جا کر ووٹر فہرستوں کی تصدیق کرے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فوج کی مدد حاصل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت دفاع اور کراچی کے کور ہیڈکوارٹرز کو خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں۔

اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ موجودہ مرکزی اور صوبائی اسمبلیوں کی معیاد آئندہ سال 16 مارچ کو مکمل ہو رہی ہے لہذا کمیشن کی تمام تر توجہ صرف آئندہ عام انتخابات کے انعقاد پر مرکوز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی کام شروع کر دیا ہے اور رواں ماہ ہی میں ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے بعد اس بارے میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ ملک میں 80 ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والے ناخوشگوار اور غیرقانونی عمل کے تدارک کے لیے پولنگ اسٹیشن پر موجود ہر پریذائڈنگ افسر کو اختیارات استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلایا گیا ہے جس میں سیکرٹری دفاع، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ عہدیدار اور انتظامی افسران شرکت کریں اور عام انتخابات کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔