انتخابات 2013ء، مجموعی ٹرن آوٴٹ 55 فیصد سے زائد

مجموعی ٹرن آوٴٹ میں شہری سطح پر اسلام آباد سرفہرست اور فاٹا سب سے پیچھے رہا۔ صوبائی سطح پر سب سے زیادہ ووٹ پنجاب میں ڈالے گئے
پاکستان کے حالیہ انتخابات ٹرن آوٴٹ کے حوالے سے خوش آئند ثابت ہوئے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران حکومت اور خاص کر میڈیا پر ووٹرز کو حق رائے دہی کے لازمی استعمال کی ترویج کا خاطرخواہ نتیجہ نکلا اور لوگوں نے قومی اور صوبائی دونوں اسمبلیوں کے لئے 55فیصد سے زائد ووٹ کاسٹ کئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2013ء میں قومی اسمبلی کا مجموعی ٹرن آؤٹ 55.2 فیصداور چاروں صوبائی اسمبلیوں کا ٹرن آؤٹ 55.26 فیصد رہا۔
سرکاری اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ ووٹر مسلم لیگ ن کو ملے جن کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ 15 ہزار 5 سو 85 رہی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 76لاکھ 79ہزار 5 سو 14 ووٹ حاصل کئے۔
تیسرے نمبر پر رہی پاکستان پیپلز پارٹی جسے 68 لاکھ 55 ہزار 27 ووٹ ملے۔ آزاد امیدواروں کو 58 لاکھ 20 ہزار 7 سو 57 ووٹ پڑے۔ اس کے بعد، پانچواں نمبر رہامتحدہ قومی موومنٹ کا جسے 24 لاکھ 58 ہزار 25 ووٹ ملے۔
شہری سطح پر بات کریں تو سب سے زیادہ ووٹوں کا تناسب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہا، جبکہ سب سے کم تناسب فاٹا میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہ تناسب بالترتیب 61.96فیصد اور 11.57فیصد رہا۔
صوبے کے اعتبار سے دیکھیں تو خیبرپختونخواہ سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 44.83 فیصد، پنجاب سے 59.62 فیصد، سندھ سے 53.82 فیصد اور بلوچستان سے 42.5 فیصد رہا۔
صوبائی اسمبلیوں کے لئے خیبر پختونخواہ میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب44.74 فیصد، پنجاب اسمبلی میں 58.52 فیصد، سندھ اسمبلی میں 54.62 اور بلوچستان اسمبلی میں 40.86 فیصد رہا۔