کراچی کے ابتر حالات کا ملکی برآمدات پر منفی اثر

  • ج

کراچی میں امنِ عامہ کی صورت حال گزشتہ کئی ماہ سے خراب چلی آ رہی ہے۔ (فائل فوٹو)

امن و امان کی خراب صورت حال اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملکی برآمدات میں 16 فیصد کمی ہوئی ہے۔
پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں امن و امان کی خراب صورت حال اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملکی برآمدات میں 16 فیصد کمی ہوئی ہے۔

یہ انکشاف ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے چیرمین طارق حسن نے جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت کے ایک اجلاس میں کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیشِ نظر گزشتہ سال تک 12 صنعتیں پاکستان سے بنگلہ دیش منتقل ہو چکی ہیں، جب کہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی بھارت اور دیگر علاقائی ملکوں کا رخ کر رہے ہیں۔

گزشتہ سال پاکستان کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا مگر خاص طور پر کراچی میں بھتہ خوری، سیاسی اور فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں تسلسل نے کاروباری حلقوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالات میں فوری طور پر بہتری کا امکان نہیں ہے کیونکہ وہاں پر متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے مابین زیادہ سے زیادہ علاقوں میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کی کشمکش جاری ہے، جس کا مقصد آئندہ عام انتخابات میں عددی برتری کو یقینی بنانا ہے۔