شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں چار ہلاک

انٹیلی جنس عہدیداروں نے بتایا ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مشتبہ امریکہ ڈرون حملے میں کم از کم چار مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح بغیر پائلٹ کے طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف میرانشاہ کے علاقے میں شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک مکان تھا۔ فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ مارے جانے والے جنگجوؤں کا تعلق کہاں سے تھا۔

پاکستانی پارلیمان میں امریکہ اور نیٹو کے ساتھ تعلقات کے رہنما اصولوں کی متفقہ منظوری کے بعد یہ تیسرا ڈرون حملہ ہے۔

امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ڈرون آپریشن کو انتہائی موثر ہتھیار تصور کرتا ہے۔ لیکن پاکستان ایسے حملوں کو ملکی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے جبکہ ان میزائل حملوں میں شہری ہلاکتوں پر امریکہ کو کڑی تنقید کا بھی سامنا ہے۔

امریکہ سے مستقبل کے تعلقات کے بارے میں پاکستان پارلیمانی کی منظور کردہ نئی شرائط میں ڈرون حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ سرفہرست ہے۔