دورہ انگلینڈ کے پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

فائل فوٹو

اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اس دورے کے لیے پانچ فاسٹ باؤلروں سہیل خان، محمد عامر، راحت علی، وہاب ریاض اور عمران خان کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے دورہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے اپنی قومی ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کو شامل تو کر لیا گیا ہے لیکن ان کی شرکت برطانیہ کا ویزہ ملنے سے مشروط ہے۔

اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اس دورے کے لیے پانچ فاسٹ باؤلروں سہیل خان، محمد عامر، راحت علی، وہاب ریاض اور عمران خان کو شامل کیا گیا ہے۔

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ محمد عامر کو آئندہ ہفتے تک برطانوی ویزہ مل جائے گا۔

2010ء میں انگلینڈ میں کھیلے جا رہے ایک ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہونے والے محمد عامر کو نہ صرف چھ ماہ کی سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ کرکٹ کی عالمی تنظیم کی طرف سے ان پر پانچ سال کی پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔

گزشتہ سال ہی پابندی کے خاتمے کے بعد وہ دوبارہ ٹیم میں شامل ہوئے تھے اور رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جب کہ محمد حفیظ کو ان کی فٹنس برقرار ہونے کی شرط پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کے ایک اور فاسٹ باؤلر جنید خان بھی کافی عرصے سے انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان کی نمائندگی نہیں کر پا رہے اور اس بار بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ٹیسٹ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، سمیع اسلم، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، افتخار احمد، سرفراز احمد، محمد رضوان، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر شامل ہیں۔

دریں اثناء پاکستان کی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے بسمہ معروف کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دورہ انگلینڈ میں اس ٹیم کی قیادت کریں گی۔ ثنا میر ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے دستبردار ہو چکی ہے۔