پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مستعفی

ٹیم کے کپتان مصباح اور کوچ واٹمور

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا استعفی منظور کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے فیصلے سے بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کو اس بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔

چیف سلیکٹر نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو منتخب کرنے کے ایک دن بعد ہی اپنےعہدے سے استعفی دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے اقبال قاسم کا استعفی منظور کر لیا ہے۔

نجم سیٹھی نے ان کی خدمات کو سراہا تے ہوئے کہا کہ "اقبال قاسم نے ملک کی بہت خدمت کی ہے اور مستقبل میں کرکٹ کے معاملات پر ان کے مشورے اور رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے"

بیان کے مطابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے بورڈ سے درخواست کی تھی ’’کہ مجھے میری ذمہ داریوں سے عہد برا کیا جائے۔ کیونکہ میں اپنے کچھ نجی معاملات کو وقت دینا چاہتا ہوں‘‘

انہوں نے بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے ساتھ کام کے دوران انہیں ان سب کی حمایت حاصل رہی۔