پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جمعہ کو شدت پسندوں نے نیٹو کو ایندھن اور رسد کی ترسیل میں استعمال ہونے والے ٹرکوں کے ایک اڈے پر حملہ کر کے وہاں موجود تین محافظوں کو ہلاک کر دیا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ افغان سرحد کے قریب لنڈی کوتل کے علاقے میں پیش آیا۔ حملہ آوروں نے اڈے میں موجود ٹرکوں کو نذر آتش کرنے کی بھی ناکام کوشش کی۔
طالبان اور القاعدہ سے رابطے رکھنے والے عسکریت پسند افغانستان میں تعینات بین الاقوامی فورسز کے لیے خیبر ایجنسی کے راستے رسد لے جانے والے ٹرکوں پر تواتر سے حملے کرتے آئے ہیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑیوں گاڑیوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔