جنرل کیانی نے دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا

جنرل اشفاق پرویز کیانی

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پیر کو اپنا برطانیہ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

برطانوی وزارت دفاع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورے میں جنرل کیانی کی لندن میں وزیر لیام فوکس سے ملاقات بھی متوقع تھی۔

ایک پاکستانی عہدے دار نے امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کو نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پاک امریکہ کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے بحران پر بات چیت کے لیے جنرل کیانی نے ملک میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ نے امریکہ کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کے بعد اتوار کو کور کمانڈرز کا ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا تھا جس میں امریکی الزامات کو رد کرتے ہوئے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستان کی سول و عسکری قیادت امریکی عہدے داروں کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر چکی ہے کہ آئی ایس آئی کے عسکریت پسند گروہ حقانی نیٹ ورک سے روابط ہیں اور وہ افغانستان میں امریکی اور دیگر اہداف پر شدت پسندوں کے حملوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔