پاکستان نے پیرس میں ایک ہفت روزہ جریدے کے دفتر پر ’بہیمانہ‘ حملے کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ بیان میں انسانی جانوں کے نقصان پر پاکستان کی جانب سے فرانس کی حکومت اور فرانسیسی عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو اس بات پر اعتماد ہے کہ بین الاقوامی برادری دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑی رہے گی اور اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بعد ازاں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ فرانس میں ہونے والے حملے پر ’آپ نے پوری اسلامی دنیا بشمول پاکستان کی جانب سے ردعمل دیکھا ہو گا، ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں کیوں کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔‘‘
Your browser doesn’t support HTML5
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ اسلام کسی بھی بے گناہ کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔
اُنھوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مختلف مذاہب کے اکابرین کو مل کر کام کرنا اور اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیئے۔