ویمن ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

بنگلہ دیش میں جاری ویمن ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو 13 رنز سے شکست دے دی۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی ٹیم نے بھارت کو ہرایا ہے۔

سلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ ندا ڈار نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے 37 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے، جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ کپتان بسمہ معروف 35 گیندوں پر 32 اور منیبہ علی 17 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

جواب میں بھارتی ٹیم 19.4 اوورز میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ندا ڈار نے بالنگ میں بھی شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 23 رنز دے کر دو بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اُنہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کو شکست دینے پر سوشل میڈیا پر ویمن کرکٹ ٹیم کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

سابق کپتان شعیب ملک نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایشیا کپ میچ میں بھارت کو ہرانے پر ویلڈن، تمام کھلاڑیوں نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

معروف گلوکار اور میزبان فخرِ عالم نے بھی خواتین ٹیم کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

کرکٹر وہاب ریاض نے بھی خواتین کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، پوری قوم کو مبارک ہو۔

پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک 13 ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں بھارت نے 10 جب کہ پاکستان نے تین میں بھارت کو شکست دی ہے۔