پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستانی کھلاڑیوں اور عہدیدار

پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر 19 ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی ہے۔

تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں اتوار کو کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو صفر کے مقابلے میں دو پوائنٹس سے شکست دی اور گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کے فرحان ہاشمی نے بھارت کے ویر چھوٹانی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-11، 11-9، 11-7، 5-11 اور 11-9 سے مات دی جبکہ عباس زیب نے اتکرش باہتی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اسٹریٹ سیٹس میں 11-4، 11-2 اور 11-6 سے شکست دی۔

فورتھ سیڈ بھارت نے سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ ملائیشیا کو شکست دی تھی جبکہ پاکستان ہانگ کانگ کو ہراکر فائنل میں پہنچا تھا۔

اس سے پہلے پول میچز میں بھی ٹاپ سیڈ پاکستان نے بھارت کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ پاکستان کے عباس زیب نے بھارت کے اتکرش باہتی کو 11-8، 8-11، 7-11، 11-6 اور 11-9 سے شکست دی تھی۔

دوسرے میچ میں حارث قاسم نے ویر چھوٹانی کو 10-12، 6-11، 12-10، 12-19 اور 11-6 سے ہرایا تھا جبکہ تیسرے میچ میں محمد فرحان ہاشمی کو بھارت کے تشار شاہانی کے ہاتھوں 11-9، 11-8، 8-11، 10-2 اور 5-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل ایک اور پول میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 3-0 سے زیر کیا تھا۔