باجوڑ: بم دھماکے میں خواتین سمیت کم ازکم چھ ہلاک

فائل فوٹو

بم دھماکے سے مرنے والوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان میں تین خواتین اساتذہ، دو طلبا اور ایک راہگیر شامل ہیں۔

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے باجوڑ میں منگل کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں تین خواتین سمیت کم ازکم چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

قبائلی ذرائع کے مطابق تنگی سالارزئی کے علاقے میں سڑک میں نصب بم میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا جس کی زد میں ایک گاڑی آئی۔

بم دھماکے سے مرنے والوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان میں تین خواتین اساتذہ، دو طلبا اور ایک راہگیر شامل ہیں۔

فوری طور پر اس واقعے کی مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

باجوڑ میں گزشتہ ماہ شدت پسندوں کی طرف سے متعدد کارروائیاں دیکھنے میں آئی تھیں جس کے بعد یہاں مقامی قبائلیوں نے امن لشکر تشکیل دے کر شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کا عزم ظاہر کیا تھا۔

قبائلی علاقوں میں حالیہ برسوں کے دوران شدت پسند اسکولوں کی عمارتوں کو بھی بارودی مواد سے تباہ کرتے رہے ہیں۔ یہ عسکریت پسند خاص طور پر لڑکیوں کو تعلیم دلوانے کے خلاف رہے ہیں۔